Tuesday 5 November 2013

Dr. G.R.Kanwal views: GHAZAL

Dr. G.R.Kanwal views: GHAZAL: غزل ڈاکٹر جی۔ آر۔ کنولؔ جا بجا  اِتنے  خطا کار کہاں تھے پہلے ہر قبیلے میں گُنہ گار کہاں تھے پہلے اب جو اِنسان کو بدکار بنادیتی ہ...

GHAZAL

غزل
ڈاکٹر جی۔ آر۔ کنولؔ
جا بجا  اِتنے  خطا کار کہاں تھے پہلے
ہر قبیلے میں گُنہ گار کہاں تھے پہلے

اب جو اِنسان کو بدکار بنادیتی ہیں
ایسی چیزوں کے خریدار کہاں تھے پہلے

بیچ میں کھیل کے میداں بھی ہوا کرتے تھے
صرف یہ کوچۂ و بازار کہاں تھے پہلے

اہلِ باطل کے مخالف تو بہت تھے لیکن
اہلِ باطل کے طرفدار کہاں تھے پہلے

جس میں محنت یا مشقت کا کوئی دخل نہ ہو
ایسی دولت کے طلبگار کہاں تھے پہلے

ان کی تعریف تو کرتے تھے دبے ہونٹوں سے
اہلِ ثروت کے پرستار کہاں تھے پہلے

جیسے اس دور نے بخشے ہیں زمانے کو کنولؔ

ایسے طرّار اداکار کہاں تھے پہلے